ایبٹ آباد: نماز کیلئے پانی گرم کرنے میں تاخیر پر ناخلف بیٹے نے ماں کو قتل کردیا ماں کو تڑپتا دیکھ کر دوسرے بیٹے نے قاتل بھائی سے پستول چھین کراسے مار ڈالا‘ ملزم فرار
ایبٹ آباد (این این آئی) لورہ کے علاقہ بسایاں میں نماز کےلئے پانی گرم کرنے کی تاخیر پر ناخلف بیٹے نے فائرنگ کر کے ماں کو قتل کر دیا، ساتھ بیٹھے دوسرے بیٹے نے بھائی سے پستول چھین کراسے قتل کر دیا۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقتولین ماں بیٹے کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ لورہ میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بسایاں میں نعمان ولد مبارک نے جمعہ کی نماز کےلئے پانی گرم کرنے میں تاخیر پر فائرنگ کر کے اپنی 50 سالہ ماں شمیم بی بی زوجہ مبارک خان کو قتل کر دیا۔ ماں کو تڑپتا دیکھ کر نعمان کے بھائی عبدالمنان نے نعمان سے پستول چھین کر فائرنگ کر کے اسے بھی قتل کر دیا۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کےلئے آر ایچ سی لورہ منتقل کردیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاءکے حوالہ کر دی گئیں ہیں۔ مقتولین ماں بیٹے کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ لورہ میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزم کی تلاش کےلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ناخلف بیٹا