پاک بحریہ کا بیڑہ سعودی عرب کی بندرگاہ جبیل پہنچ گیا، کثیر الملکی گلف شیلڈ مشقوں میں شرکت کریگا
لاہور (خبرنگار) پاک بحریہ کے جنگی جہاز ٹیپو سلطان، ہمت اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی جہاز بسول مشن کمانڈرکموڈور محمد فیصل عباسی، جو کہ کمانڈر 25th ڈسٹرائر سکواڈرن بھی ہیں، کی سربراہی میں سعودی عرب کی بندرگاہ جبیل پہنچ گئے۔ یہ جہاز رائل سعودی آرمڈ فورسز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کثیر الملکی مشترکہ مشق گلف شیلڈ۔ 1 میں شرکت کرینگے۔ جبیل بندرگاہ پہنچنے پر رائل سعودی نیول فورسز کے افسران اور جوانوں نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔جنگی بحری جہازوں کے علاوہ، پاکستان نیوی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک میرینز بھی بری دستے کے طور پر اس مشق میں شامل ہورہے ہیں۔ مزید برآں، پاکستان نیوی کا لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئرکرافٹ "P3C" بھی اس مشق کا حصہ ہے۔ گلف شیلڈ۔ 1 کا نیوی سے متعلقہ حصے کا انعقاد رائل سعودی نیول فورسز کررہی ہے جو کہ سعودی عرب کے بحری پانیوں اور خلیج میں ہوگا۔ اس مشق کے ہاربر فیزمیں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد ہوگا جس میں جوائنٹ آپریشنل پلاننگ، ٹریننگ، فنی اور پیشہ ورانہ امور پر سمینار اور سماجی اور تہذیبی تقریبات شامل ہیں جن کے انعقاد سے اس مشق میں شامل مختلف افواج کے مابین باہمی تعاون اور پیشہ وارانہ مہارت کا ادراک پیدا ہو گا۔ علاوہ ازیںمشق کے سمندری فیز کے دوران غیر روایتی جنگ، ساحل کی حفاظت کی مشق، کمبیٹ، سرچ اور ریسکیو، بحری جنگی مشقیں اور طویل المدت ہوائی مشقیں منعقد ہونگی۔اس مشق کے دوران مختلف ممالک کے مبصرین بھی پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کریں گے۔ پاکستان نیوی کے علاوہ بحرین، مصر، کویت، اردن، سعودی عرب، سوڈان، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے جنگی جہاز بھی ان مشقوں میں شرکت کرینگے۔