خدیجہ کو زخمی کرنے کا کیس ، عدالت نے مجرم کی سزا میں 2برس کمی کر دی
لا ہور (اپنے نامہ نگار سے)ایڈیشنل سیشن جج نے قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی کیس میں نامزد ملزم شاہ حسین کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلہ کے مطابق فاضل عدالت نے مجرم کی سزائے قید میں دوسال کی کمی کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج غلام مرتضیٰ اوپل نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا فیصلہ میں کہاگیاکہ مقامی مجسٹریٹ نے قانون کے مطابق شاہ حسین کو سزا سنائی ہے۔ مجرم شاہ حسین نے خدیجہ صدیقی کو چھریوں کے وار کرکے زخمی کیا۔میڈیکل رپورٹس کے مطابق خدیجہ صدیقی کے بدن پر تین زخموں کے گہرے نشان موجود ہیں ۔ فیصلہ میں کہاگیاکہ خدیجہ صدیقی کی گردن کے نیچے چھریوں کے وار کیے گئے۔ خدیجہ صدیقی سات دن ہسپتال میں زیرعلاج بھی رہی۔ عدالت نے تمام گواہان کے بیانات قلمبند ہونے اور وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے مجرم شاہ حسین کی سزا 7سال سے کم کرکے پانچ سال کرنے کا حکم دیدیا ۔