کسی کے ایماء پر نہیں عوام کیلئے تبدیلی کے خواہاں ہیں: عبدالقدوس بزنجو
خالق آباد ( آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجونے کہاہے کہ ہم کسی کے ایماء پر نہیں ،عوام کی ترجمانی کرکے تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ خالق آبادکے سیاست دانوں کی طرح ہمارے خاندان نے بھی عوام کے حقوق کیلئے قربانیاں دی ہے۔ شہیدعبدالکریم بزنجونے بھی زمینداروں پر سرداری ٹیکس کیخلاف جدوجہد کی اورمزدورکسان پارٹی کے نام پارٹی بھی بنائی ہم بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے جاگیرداری اورسرداری سیاست کاخاتمہ کرکے عوامی سیاست کوفروغ دینگے۔ اب بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہی ہونگے جس طرح ماضی میں مری یا رائیونڈ میں ہو تے تھے اب کبھی بھی نہیں ہو گا چیئرمین سینیٹ کو بلوچستان سے لانے کے لئے ملک کی سیاسی قیادت بلوچستان ہائوس تشریف لائے اور وہاں گفت وشنید ہوئی اسلام آباد میں ہم کسی کے پا س نہیں گئے ہم نہیں چاہتے وفاقی حکومت سے ہمارے اختلافات برقراررہے جب وفاق ہمیں نظرانداز کرے گا تو پھر کچھ کرنا پڑے گا ۔بلوچستان کے مرکز سے تعلقات خراب ہوں بلوچستان ملک کی ترقی کا زینہ ہے اسے نظر انداز کرنا پاکستان کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے مرکزی حکومت سے سیاسی اختلافات کے اثرات بلوچستان کی ترقی پرنہیں پڑھنے چاہئے وزیراعظم سے بھی گلہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت ہمارے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر خالد خان لانگو کی خالق آباد کے دورے کے دعوت پر خالق آباد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے دوران آصف علی زرداری ، عمران خان ، بلاول بھٹو اسلام آباد ہائوس اور ہم نے شرط رکھی کہ اس مرتبہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو گا تو سب نے حامی بھر لی لیکن افسوس کہ جو لوگ الزام تراشی کر رہی ہے انہوں نے ہماری بات نہیں مانی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ یہ سمجھتے تھے کہ جو سینیٹرز آزاد منتخب ہوئے ہیں وہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرینگے مگر ہم ایسا نہیں کیا بلکہ دوستوں اور ہم خیال گروپ نے بلوچستان عوامی پارٹی بنائی اور یہ جماعت عوام کی خدمت کر تی رہے گی۔گوادر پوٹ سٹی کے لئے ایک ارب روپے کے اعلانات پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا ہم ادھار پر بھی اپنے جاری منصوبوں کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ انہیں بروقت مکمل کر کے ان کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جا سکے ۔