• news

اختر مینگل کا آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کے مطالبات حل نہ ہونے پر اظہار تشویش

کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل نے آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کی جائز مطالبات حل نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کے حل میں پیش رفت نہیں ہوئی ہے حالانکہ بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کے صوبائی صدر حاجی فاروق شاہوانی، جنرل سیکرٹری جمیل احمد مشوانی، ارباب عبدالقادر، میرقاسم پرکانی سے ٹیلیفونک بات چیت اور محمد رفیق بزنجو، سونا خان مینگل، عیسیٰ مینگل اور صدرالدین کی قیادت میں ملنے والے وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ روز آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کے وفد نے کراچی میں اخترجان مینگل سے ملاقات کی۔ وفد نے آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کو درپیش مشکلات اور حکومت وقت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بعدازاں آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کے صوبائی صدر حاجی فاروق شاہوانی، جنرل سیکرٹری جمیل احمد مشوانی، ارباب عبدالقادر، میرقاسم پرکانی نے سرداراخترجان مینگل سے ٹیلیفونک بات چیت بھی کی۔ سرداراخترجان مینگل نے آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کے رہنمائوں کو ان کے مطالبات کے حل اور آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل سے متعلق بھرپور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کی جائز مطالبات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے نااہلی باعث افسوس ہے بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل میں فعال کرداراداکرسکتے ہیں۔ انہوں نے آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلزکو کہا کہ اگر بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے تو بی این پی دیگر جماعتوں کے شانہ بشانہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن