عوام اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں سے پاکستان میں امن مکمل بحال ہو گیا: ملالہ‘ آج برطانیہ روانہ ہونگی
اسلام آباد (دی نیشن رپورٹ‘ سٹاف رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے پاکستان میں موجودہ امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی۔ سکیورٹی فورسز کی کوششوں‘ عوام اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں کی بدولت ملک بھر میں امن مکمل بحال ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں عسکری ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی کو سکیورٹی فراہم کرنے میں فوج کا کوئی کردار نہیں البتہ شورش سے متاثرہ سوات سمیت کسی بھی علاقہ میں ان کے دورہ کی صورت میں انہیں سکیورٹی دی گئی۔ اس ذریعہ کے مطابق ملالہ اپنے طور پر پاکستان آئی ہیں۔ ملالہ یوسف زئی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ آج برطانیہ روانہ ہوں گی۔ وہ صبح 9بجکر 15منٹ پر اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔