• news

نیب خرابی پکڑے‘ گدھے‘ گھوڑے کو ایک ہی طرح ہانکنے سے لوگ کام کرنا چھوڑ دیں گے: شہباز شریف

لاہور/ شیخوپورہ (خصوصی رپورٹر/ نمائندہ خصوصی/ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں سی ٹی سکین سنٹر او رہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلی نے افتتاح کے بعد سی ٹی سکین سنٹر اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ کیا۔ وزیراعلی نے سی ٹی سکین مشین کا معائنہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔ وزیراعلی نے جدید سی ٹی سکین مشین کی تنصیب پر خوشی کا اظہار کیا او رعملے کو مبارکباد دی۔ وزیراعلی نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کے مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلی کو بتایا گیاکہ اس کلینک میں روزانہ تقریباً 80 مریض آتے ہیں جنہیں ادویات اور علاج معالجہ مکمل طو رپر فری فراہم کیا جاتا ہے۔ وزیراعلی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں شیخوپورہ کے عوام کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی عمارت کی تزئین و آرائش، تعمیر نو اور اس میں قائم کئے گئے مختلف نئے شعبوں پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اس ہسپتال میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک بھی قائم کیا گیا ہے جہاں روزانہ 70 سے 80 مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو اعلی معیار کی ادویات مفت دی جا رہی ہیں، ان ہسپتالوں میں وہی اعلیٰ معیار کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے جو گورنر، وزیراعلی اور دیگر امراء استعمال کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین کی جدید مشینیں نصب کر رہی ہے اور مریضوں کو 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت مفت حاصل ہوگی-انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبہ میں حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کیا ہے اور عوام کو علاج و تشخیص کی جدید سہولتیں انکی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ لوگ آتے جاتے ہیں لیکن کام رکتے نہیں ایک او رسوال پر کہاکہ نیب آئینی ادارہ ہے او ر اسے جانچ پڑتال کرنے اورکرپشن کا کھوج لگانے کا پورا حق ہے،ہم اس ادارے کا احترام کرتے ہیں اور قانو ن کی بالادستی کیلئے میں خود بھی نیب کے دفتر گیاتاہم نیب کو چاہیے کہ جہاں خرابی ہے اسے ضرور پکڑے لیکن جہاں اچھا کام ہوا ہے اسکی ستائش بھی کی جائے تاکہ قوم کو اچھے کام کا علم ہو۔ انہوں نے کہا گدھے اور گھوڑے کو ایک ہی طرح ہانکیں گے تو لوگ کام کرنا چھوڑ دیں گے، بلاشبہ اچھے لوگ کام کرتے ہیں اور ان لوگوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے اور کام کرنیوالے اچھے افسران کی ستائش ہونی چاہیے جبکہ جو کرپشن کرے اس کا بلاامتیاز اور بے لاگ احتساب ہونا چاہیے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں جوبے مثال اقدامات کئے ہیں اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ عوام کو جدید علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئی نئے ہسپتال بنائے ہیں۔ جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کو اب علاج کیلئے بیرون ملک نہیں جانا پڑیگا بلکہ انکا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں فری ہوگا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھکھی گیس پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے گیس پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وزیراعلی کو گیس پاور پلانٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے وسائل سے3600 میگا واٹ کے گیس پاور پلانٹس لگائے ہیں اوران گیس پاور پلانٹس کے باعث لوڈشیڈنگ کا بہت حد تک خاتمہ کیا گیا ہے اورگیس پاور پلانٹس میں اربوں روپے کی بچت کر کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھکھی گیس پاور پلانٹ سے سستی بجلی حاصل ہورہی ہے ہمارے دور میں بجلی کے منصوبے انتہائی تیزرفتاری سے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ سابق دور میں بجلی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے کو لوٹا گیا۔ ہمارے مخالفین صرف جھوٹ بولتے رہے اور انہوں نے اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بھی بجلی پید ا نہیں کی۔ ہماری حکومت نے چند ماہ کی ریکارڈ مدت میں ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اے پی این ایس کے انتخابات میں نومنتخب صدر حمید ہارون، سیکرٹری جنرل سرمد علی اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ امید ہے اے پی این ایس کے نومنتخب عہدیداران اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر کردار جاری رکھیں گے۔ نومنتخب عہدیداران آزادی صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اپنا موثر کردارپہلے سے بڑھ کرجاری رکھیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف برطانیہ کے 10 روزہ نجی دورے کے بعد گزشتہ روز علی الصبح لاہور واپس پہنچے اور وطن پہنچتے ہی انہوں نے اپنے معمول کے سرکاری فرائض سنبھال لئے۔

ای پیپر-دی نیشن