• news

وحی انسانی عقل کو صراط مستقیم پر گامزن کرتی ہے: فضل الرحمن

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماءاسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وحی انسانی عقل کو گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر صراط مستقیم پر گامزن کرتی ہے۔ امام بخاریؒ کی کتاب بخاری شریف کا آغاز اور اختتام وحی کے بارے میں احادیث سے ہوتا ہے۔ انسان کو عقل باقی مخلوق سے ممتاز کرتی ہے لیکن عقل ایک مقام پر جا کر رک جاتی ہے جہاں وحی عقل کی رہنمائی کرتی اور اسے گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر صراط مستقیم پر گامزن کرتی ہے۔ وہ دارالعلوم فاروقیہ قائداعظم کالونی میں ختم بخاری شریف اور دورہ حدیث کے فارغ التحصیل 70 طلباءکی تقریب تقسیم اسناد میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا ایک گھنٹہ درس دیا اور اس دوران سیاست پر گفتگو نہیں کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ مدارس بہت بڑی این جی او ہیں جو قوم کے بچوں کو مفت دینی تعلیم کےساتھ تمام ضروریات سہولتیں فراہم کرتے ہیں۔ حکومت تعلیمی اصلاحات کے ذریعے سکولوں میں ناظرہ قرآن اور بنیادی قرآنی تعلیم کو نصاب میں شامل کر رہی ہے جبکہ سرکاری حج سکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کے گروپوں میں مناسک حج کی رہنمائی کے علماءکرام کو شامل کرنے کی تجویز پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اور شیخ الجامعہ مولانا قاضی عبدالرشید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اضطراب اور کشمکش کے اس دور میں امت مسلمہ کی امیدیں مولانا فضل الرحمن سے وابستہ ہیں وہی اس دور میں امت کی حقیقی رہنمائی اور قیادت کر سکتے ہیں۔ نماز مغرب کے بعد جلسے کی کارروائی شروع ہوئی جو رات بارہ بجے تک جاری رہی۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب کے بعد اختتامی دعا کرائی۔
فضل الرحمن

ای پیپر-دی نیشن