• news

شاہد خاقان کا چیئرمین سینٹ سے متعلق بیان ایوان کو متنازعہ بنانے کی سازش ہے: شیری رحمن

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمن نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے متعلق بیان کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایوان کو متنازع بنانے کی سازش قرار دےدیا۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہا وزیراعظم جو زبان استعمال کررہے ہیں، وہ ان کی ذاتی رائے نہیں، بلکہ سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت پوری لیگی قیادت انہیں ایسا کہنے پر مجبور کررہی ہے۔انہوں نے کہا میں سمجھتی ہوں کہ وزیراعظم کو سوچنا چاہیے کہ ووٹنگ کے بعد جب فیصلہ ہوا تب ان کی جماعت کے سینیٹرز نے خوشی سے اسے قبول کیا، لہذا اب اس طرح کے بیانات دینا افسوسناک بات ہے۔انہوں نے کہا وزپراعظم کے اس بیان کا مقصد صرف ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے، کیونکہ چاہتے ہیں کہ ہر جگہ پر ان کی جماعت کی اجارہ داری ہو۔شیری رحمن نے کہا کہ وزیراعظم کا کام تو جمہوری ایوان کے وقار کو بلند کرنا ہوتا ہے، مگر بدقسمتی سے وہ ایسا کرنے کے بجائے ایک منفی رویے کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ ایوان مضبوط ہونے کے بجائے کمزور پڑجائے۔ (ن) لیگ کی شروع سے یہ روایت رہی ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ کو کبھی استعمال ہی نہیں کیا اور نہ ہی اس کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ ان کی سیاسی پالیسی صرف اس طرح کی ہے کہ اگر خود کامیاب نہ ہوں تو دوسرے کو بھی کام کرنے نہیں دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے پارلیمنٹ کا احترام کیا ہے اور اب بھی وزیراعظم کے سینیٹ سے متعلق اس بیان پر ہم ہر صورت میں آواز بلند کریں گے۔
شیری رحمن

ای پیپر-دی نیشن