تحریک انصاف فصلی بٹیروں کی جماعت، جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائینگے: یوسف رضا گیلانی
ٹاٹے پور ‘ ملتان(نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت آخری ہچکولے کھا رہی ہے نوازشریف کو عدلیہ کے فیصلے خندہ پیشانی سے تسلیم کرنے چاہئے‘ پی پی پی کے دور اقتدار میں عدلیہ کے فیصلے پر میاں برادران ہنستے تھے آج جب اپنی باری آئی تو کہتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا‘ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کوئی مستقبل نہیں فصلی بٹیروں کی جماعت ہے عوام ان کے ہاتھوں بے وقوف نہیں بنے گے۔ ہمارے دور اقتدار میں کسان خوشحال تھا اب تو کسان تباہ ہو چکا ہے زراعت سے منسلک افراد پی پی پی کے دور کو یاد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار موضع نائب والا کی سیاسی شخصیت خان غلام شبیر کھیڑا اور ان کے پورے گروپ کی تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی حلقہ 218 کے امیدوار ملک محمد عباس راں نے بھی خطاب کیا اس موقع پر غضنفر خان کھیڑا‘ اﷲ دتہ نمبردار‘ ملک سجاد راں‘ چوہدری محمد اسلم‘ ملک جعفر راں‘ خان نواز سوترک و دیگر پارٹی کارکن معززین علاقہ میں موجود تھے۔ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھ پر 26 کیسسز ہیں میں خود چل کر گیا اور کہا مجھ پر فرد جرم لگائیں ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ طویل عرصہ تنظیم نو کے بعد بلاول کا دورہ ملتان ہے بلاول کارکنوں کو ملنا چاہتے ہیں ہمیں حکومت کی جانب سے رضا ربانی کی آفر آئی تھی ۔ 2018 کے الیکشن کے بعد پی پی حکومت بنائے گی اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بھی بنائے گی۔ ٹریلر سینٹ کے الیکشن میں سب نے دیکھا ہے۔
یوسف گیلانی