جہلم کوئلے کی کان بیٹھنے سے دو سگے بھائیوں سمیت چار مزدور جاں بحق ایک زخمی ہو گیا
جہلم (نامہ نگار) ٹلہ جوگیاں میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے دو سگے بھائیوں سمیت چار مزدور جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ دشوار پہاڑی علاقہ ہونے پر مقامی افراد کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ نعشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کیا، مرنے والوں میں نصیب اللہ، صابر الرحمن، صاحب زادہ، صابر رحمان اور رحمت اللہ جبکہ زاہد اللہ زخمی ہوا، تمام افراد کا تعلق شانگلہ سوات سے ہے جبکہ نصیب اللہ اور صابر الرحمن سگے بھائی تھے۔ نعشوں کو ضروری کارروائی کرکے آبائی علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔ تفصیلات کا مطابق گذشتہ روز جہلم سے تقریباً 70کلومیٹر دور ٹلہ جوگیاں کے قریب کوئلہ کی کان میں گیس بھر جانے سے کان گرگئی جس کے نتیجہ میں چھ مزدور نیچے دب گئے تو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت کارروائی کرتے چار مزدوروں کی نعشیں اور ایک کو زخمی حالت میں نکال لیا‘ دشوار پہاڑی علاقہ ہونے کی بنا پر جہلم سے ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 1122کی ٹیموں نے نعشوں اور زخمی کو سوہاوہ ہسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشوں کو آبائی علاقے شانگلہ سوات میں پہنچایا جائے گا۔وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے جہلم کے علاقے ٹلہ جوگیاں میں کان کے حادثے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کان میںدبے ہوئے مزدوروں کو نکالنے کےلئے امدادی سرگرمیاں تیزکی جائیں اور امدادی سرگرمیوں کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
4 جاں بحق