• news

نواز شریف دہشت گردی کو ختم نہیں پرموٹ کرنے والوں میں سے ہیں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف دہشت گردی کو پرموٹ کرنیوالوں میں سے ہیں ختم کرنیوالوں میں سے نہیں،آج جو امن نظر آتا ہے اس کا کریڈٹ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردّ الفساد کو جاتا ہے،نواز شریف نے سوات آپریشن کی بھی مخالفت کی اور آپریشن ضرب عضب کو بھی ایک سال تک تاخیر کا نشانہ بنایا، نیشنل ایکشن پلان کو بھی انہوں نے ناکام بنایا، آئندہ عام انتخابات میں چاروں صوبوں کے عوام ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کو مسترد کریں گے،چیف جسٹس کی طرف سے پی آئی اے کی نجکاری کا نوٹس خوش آئند ہے،نجکاری میں ہرج نہیں لیکن اشرافیہ کا ماضی گواہ ہے انہوں نے قومی ادارے اپنے فرنٹ مینوں کو بیچے،وہ گذشتہ روز عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ میں کل بھی کہتا تھا نواز شریف سیکیورٹی رسک اور غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار ہیں،آج بھی ہمارا موقف یہی ہے،نواز شریف اپنے غیر ملکی اثاثوں کو بچانے کے لیے کسی کی خواہش پر فوج اور عدلیہ کو ٹارگٹ کر رہے ہیں،کرپشن ریفرنسز پر فیصلوں کی گھڑی جوں جوں قریب آرہی ہے چیخوں کی شدت میں بھی اضافہ ہورہا ہے،پاکستان کے سب سے بڑے کرپٹ خاندان کو اس بار کوئی ریلیف ملا تو پھر دوبارہ آئینی ادارے کسی بڑے مگر مچھ کے احتساب کی ہمت نہیں کرسکیں گے،اشرافیہ سپریم کورٹ اور فوج کو اپنے راستے کا بھاری پتھر سمجھتی ہے ان کی خواہش ہے کہ انہیں آئین مسخ کرنے کا مینڈیٹ ملے اور یہ سپریم کورٹ کو گاﺅں کی پنچائیت اور فوج کو پنجاب پولیس بنا دیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ ابھی سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا حساب ہونا باقی ہے، 14شہریوں کی لاشیں انصاف کی منتظر ہیں،شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے ورثا انصاف کے لیے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم باردیگر مطالبہ کرتے ہیں موجودہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن بنایا جائے تاکہ قوم کو پتا چلے بھاری قرضے کیوں لیے گئے اور پھر کہاں خرچ کئے گئے؟
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن