3 روزہ انٹرنیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم کانفرنس کل سے اسلام آباد میں شروع ہو گی
اسلام آباد (این این آئی) نیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم اتھارٹی (نیکٹا) کے زیراہتمام تین روزہ” اسلام آباد آباد انٹرنیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم فورم“ کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ فورم کا موضوع دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں ہے، 3 سے 5 اپریل تک جاری والی کانفرنس میں تقریباً 55 سے 60 ممالک کے دانشور، صحافی، قلم کار، مختلف یونیورسٹیز کے پروفیسرز، پالیسی میکر، تھنک ٹینک سے وابستہ افراد، خارجہ و دفاعی امور کے ماہرین شرکت کریں گے، فورم میں پاکستان کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں دی گئی قربانیوں اور کامیابیوں پر دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے جانوں کو قربان کرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال خطاب افتتاحی سیشن کے مرکزی سپیکر ہوں گے، صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان 9/11 کے پاکستان پر اثرات پر اظہار خیال کریں گے، ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشنل اور حفاظتی امور پر گفتگو کریں گے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں میڈیا اور پارلیمنٹ کے کردار پر رکن قومی اسمبلی اسد عمر، سینئر دفاعی امور کے ماہر لیونڈ سیون اور اون بینٹ جونز خطاب کریںگے۔ فورم کے دوسرے روز انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی کیلئے آئی ایس پی آر کی میڈیا حکمت عملی کے ذریعے ردعمل کے موضوع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غور، سیاسی رہنماﺅں کے کردار پر رہنما اے این پی افراسیاب خٹک، درپیش خطرات کے موضوع پر سینیٹر رحمن ملک، دہشتگری کے خلاف ریاست کے ردعمل پر مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سیشن کا اختتام کریں گے۔ تیسرے روز پاکستان میں جمہوریت کا وژن کے موضوع پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، پاکستان استحکام کی راہ پر گامزن کے موضوع پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے میں اپوزیشن کے کردار پر سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمن اظہار خیال کریں گی۔ نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا احسان غنی کانفرنس کے تین دنوں کے بحث کو سمیٹیں گے۔
ٹیررزم کانفرنس