غیر ملکی قرضے عوام نہیں حکمرانوں پر خرچ ہوتے ہیں: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عام انتخابات ن لیگ کی سیاسی موت ثابت ہوں گے۔ مودی کے یاروں کو نظام مصطفیٰ متحدہ محاذ کے پلیٹ فارم سے شکست دیں گے۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک 89 ارب ڈالر کا مقروض ہو چکا ہے۔ غیر ملکی قرضے عوام نہیں حکام پر خرچ ہوتے ہیں۔ کرپشن نے غیر ملکی قرضے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گلا پکڑنے والے ن لیگی اب پاؤں پکڑ رہے ہیں۔ لٹیروں کے لئے عصائے کلیمی کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی سیاست کا موسم بدلنے والا ہے۔ ایم ایم اے ن لیگ کی بی ٹیم ہے۔ دینی قوتوں کا حقیقی اتحاد ’’ نظام مصطفے متحدہ محاذ ‘‘ ہے۔ عام انتخابات انقلاب نظام مصطفے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ انتخاب سے پہلے احتساب مکمل کیا جائے۔ قوم متنازعہ نگران حکومت قبول نہیں کرے گی۔ ن لیگ کی آئینی اداروں سے تصادم کی کوشش کو فوج اور عدلیہ کے تحمل نے ناکام بنایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کی بیڈ گورننس ن لیگ کی انتخابی شکست کا باعث بنے گی۔ حکومت ملک کے وسائل بڑھانے کی بجائے مسائل بڑھا رہی ہے۔ گرمی شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکومتی دعوی غلط ثابت ہوا ہے۔