• news

نیب نے سابق وزیر مواصلات اور ریلوے لیفٹیننٹ جنرل(ر)جاوید اشرف قاضی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

اسلام آباد+لاہور ( نامہ نگار +ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) نیب نے سابق وزیر مواصلات اور ریلوے لیفٹیننٹ جنرل(ر)جاوید اشرف قاضی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نیب نے ریلوے گالف کلب کا ریفرنس لاہور کی احتساب عدالت میں جمع کرایا جس میں الزام عائد کیا گیاہے کہ ملزموں نے 2001 میں سابق صدر مشرف کے دور حکومت میں ریلوے کی اراضی اونے پونے داموں لیز پر دی۔ واضح رہے کہ نیب کی درخواست پر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی، سابق چیئرمین ریلوے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر)سعید الظفر، سابق جی ایم ریلوے میجر جنرل ریٹائرڈ حامد حسن بٹ اور بریگیڈیئر (ر) اختر علی کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے ہیں۔ سابق جنرل منیجر آپریشنز ریلویز اقبال صمد خان، سابق ممبر فنانس ریلوے خورشید احمد خان، ڈائریکٹوریٹ آف پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلویز بریگیڈیئر (ر) اختر علی بیگ، رائل پام گالف کلب کے سپانسرز رمضان شیخ، پرویز قریشی اور دیگر ملزموں میں شامل ہیں۔ ملزموں نے قومی خزانہ کو 2 ارب 20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ چیئرمین نیب نے سٹیزن کلب کو غیر قانونی طور پر میٹروپولیٹن کلب میں تبدیل کرنے پر میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔ جائزہ لیا جائے کس قانون کے تحت میئر اسلام آباد نے سیٹیزن کلب کا انتظام سنبھالا اور کس قانون کے تحت سٹیزن کلب کو میٹرو پولیٹن کلب میں تبدیل کیا گیا۔ دوسری جانب ترجمان نیب نے کہاہے کہ احتساب ڈرامہ نہیں اصل کہانی اب شروع ہوئی ہے۔ اصل کہانی میں ہر کردار کو بلاتفریق بے نقاب کیا جائیگا۔ نیب قانون کے تحت ذمہ داری ادا کرتا رہیگا۔ نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں آ سکتی۔ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات نیب کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔ نیب نے مشورہ دیا کہ انتخابات میں کامیابی اور عوام کی توجہ حاصل کرنے کیلئے کسی متبادل طریقہ کار کا انتخاب کریں۔
ریفرنس/ترجمان نیب

ای پیپر-دی نیشن