الزام تراشی کی بجائے خطے میں امن کیلئے مثبت تعاون جاری رکھیں گے : پاکستان امریکہ
اسلام آباد، راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) پاکستان اور امریکہ نے الزام تراشیوں کے بجائے خطے میں امن و استحکام کیلئے مثبت تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی قائم مقام نائب وزیرِ خارجہ ایلس جے ویلز نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایلس ویلز سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان قومی سوچ کے ساتھ خطے بالخصوص افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے۔ خطے کے دیگر ممالک سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی اس عمل میں مساوی اور مثبت کردار ادا کریں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قائم مقام امریکی نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز نے کہا کہ امریکہ نے خطے میں پائیدار امن کا عزم کر رکھا ہے اور دیرپا امن کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایلس ویلز اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں مثبت پیشرفت کے حصول کیلئے دوطرفہ طور پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان/امریکہ