رمضان المبارک کے دوران اعتکاف بیٹھنے والوں کیلئے مسجد نبوی کی چھت مخصوص
مدینہ منورہ (اے پی پی) گورنرمدینہ منورہ اور حج کمیٹی کے نگران شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے مسجد نبوی الشریف کی چھت مخصوص کردی گئی ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق گورنر مدینہ منورہ نے ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامی کمیٹی سے رپورٹ لینے کے بعد ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زائرین مسجد نبوی الشریف کو تمام سہولتیں مہیا کی جائیں تاکہ وہ آرام و اطمینا ن سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں۔ گورنر نے کہا کہ ماہ رمضا ن المبارک کے آخری عشرے میں معتکفین کے لئے مسجد کی چھت مخصوص کی جائے تاکہ وہاں وہ اپنا سامان وغیرہ رکھ سکیں۔ معتکفین کے ذاتی استعمال کی اشیاء سے مسجد نبوی الشریف میں آنے والے نمازیوںکو بعض اوقات دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کمیٹی کو یہ بھی کہا گیا کہ مسجد نبوی میں آنے والے راہ داریوں میں نہ بیٹھیں اس کے لئے بھی انتظام کر دیا گیا ہے۔