پیپلزپارٹی عام انتخابات پرانی مردم شماری کے تحت کرانے کی حمایت نہیں کریگی:نفیسہ شاہ
اسلام آباد (آئی این پی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے حلقہ بندیوں کے چیئرمین کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امر انتہائی قابل افسوس ہے کہ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے حلقہ بندیوں کے چیئرمین دانیال عزیز نے گزشتہ روز ملک میں آئندہ انتخابات پرانی مردم شماری کے مطابق کروانے کی استدعا کی ہے، ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اجلاس میں گزشتہ روز پی پی پی پی کی نمائندگی موجود نہیں تھی اور اس کمیٹی کے اجلاس میں دانیال عزیز کی جانب سے دئیے گئے بیان کی پیپلزپارٹی نہ ہی توثیق کرے گی اور نہ ہی اس بیان کی کسی بھی فورم پر سپورٹ کرے گی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے بیان میں مزید واضح کیا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اس حوالے سے اتفاق رائے سے آئینی ترمیم کر چکے ہیں۔ اور موجودہ صورتحال میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی جانب سے ملک میں بروقت انتخابات کے حوالے سے متفقہ فارمولے سے حکمران جماعت پی ای ایل(ن) کا پیچھے ہٹنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ حکمران جماعت کے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ملک میں بروقت انتخابات کے انعقاد کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں اور اس امر اور اس طرح کے کسی بھی فیصلے کی پاکستان پیپلزپارٹی کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے بیان میں مزید واضح کیا کہ اس ضمن میں شکایات کے ازالے کے حوالے سے قانونی فورم الیکشن کمشن ہے اور اگر الیکشن ایکٹ کی شق20 کی کسی صورت خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس صورت میں شکایات کے ازالے کے لئے قانونی فورم سپریم کورٹ ہے۔