میر ے بہادر آباد جانے کا خاطر خواہ جواب نہیں ملا: فاروق ستار
کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ و کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے اپنی رہائش گاہ پی آئی بی کالونی میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ بہادر آباد والوں کی طرف سے میرے مثبت اقدام کا خاطر خواہ جواب نہیں دیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کافی عرصہ سے بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی پھیلا رہی ہے اور شہری آبادی پر بلاجواز فائرنگ کر کے معصوم و بے گناہ شہریوں کو شہید و زخمی کر رہی ہے اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے‘ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداورں کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری مظالم پر بھرپور آواز اٹھانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور مرمت کے نام پر 6 سے 8 گھنٹے تک پورے پورے گرڈ اسٹیشن اور فیڈر بند کر دئیے جاتے ہیں‘ گیس کی عدم فراہمی کو جواز بنا کر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اگر سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کے درمیان کوئی ادائیگی یا بقایا جات کے معاملات ہیں تو پہلے طے کیوں نہیں کئے گئے؟ گرمی کا زور بڑھتے ہی یہ تنازعہ کیوں کھڑا ہو گیا‘ کے الیکٹرک کی جانب سے کنزیومر سروس مینول کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے جس کے تحت غریب آبادیوں کو ریلیف کے بجائے لاکھوں کے بل ارسال کئے جاتے ہیں‘ ہم بجلی کی چوری کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں‘ کے الیکٹرک اپنا منافع کم کر کے عوام کی خدمت و لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے اور اپنا قبلہ درست کرے۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق نے مزید کہا کہ سٹیل ملز کی نجکاری کو ہم نامنظور کرتے ہیں اور سٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن و بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہیں‘ ایم کیو ایم پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بہادر آباد جانے کا مقصد یہ تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو تنظیمی اور سیاسی طور پر مضبوط کیا جا سکے میں ایم کیو ایم پاکستان کی تقسیم نہیں چاہتا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہا تھا کہ منتخب عوامی نمائندوں (ممبر قومی و صوبائی اسمبلی) کا مشترکہ اجلاس بلا کر اس ابہام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کسی تقسیم کا شکار ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ میری جانب سے اٹھائے گئے اس مثبت اقدام کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ منتخب نمائندوں کا کسی دوسری جماعت میں جانا اسی بات کی کڑی ہے‘ مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں ہونے والی زیادتیوں کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔ علاوہ ازیں فاروق ستار نے کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 10 افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔