سرگودھا : 20 افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو سیاسی دباؤ پر گواہ بنانے کیخلاف ورثا کا احتجاج
سرگودھا (نامہ نگار) 95 شمالی میں بیس افراد کے قتل کے مقدمہ میں ملزم کو گواہ نامزد کرنے اور ڈی ایس پی کی مداخلت کے خلاف مقتولین کے ورثاء نے گزشتہ روز ڈی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیاجن میں خواتین بھی شامل تھیں جنہوں نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر کے نعرے بازی کی۔ اس موقع پر محمد اکرم، توقیر، محمد یونس، عباس علی ودیگر نے بتایا کہ جعلی پیر کو بچانے کیلئے مقدمہ کے ملزم کو سیاسی و انتظامی دبائو کے تحت گواہ بنا دیا گیا۔ ڈی ایس پی شبیر گجر جعلی پیر اور دیگر ملزمان کوبچانے کیلئے متحرک اور اثر انداز ہو رہا ہے ، پولیس کی طرف سے عدالت میں پیش کردہ چالان پر شدید تحفظات ہیں، جنہیں دور کرنا افسران کی ذمہ داری ہے۔ مقتولین کے ورثاء کو ہراساں کیا جا رہا ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی پیر مقدمہ کے دیگر ملزمان کو جلد ازجلد کیفر کردار تک پہنچاکر انصاف دلایا جائے ۔