کراچی: منشیات فروشی کے الزام میں پولیس کے خاتون کو برہنہ کرنے پر عدالت برہم، ایس ایس پی طلب
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائی کورٹ نے منشیات فروشی کا الزام لگا کر پولیس اہلکاروں کی جانب سے خاتون کو برہنہ کرنے کے معاملہ کی سماعت کی اس موقع پر عدالت ایس ایچ او اقبال مارکیٹ تھانے پر برہم ہو گئی‘ عدالت نے پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا اور ایس ایس پی ویسٹ کو 11 بجے طلب کر لیا۔ خاتون نے اپنی درخواست میں کہا تھاکہ 24 مارچ کو 17 پولیس اہلکار گھر میں گھس گئے تھے جنہوں نے بوڑھی والدہ کو علیحدہ کمرے میں بند کر دیا‘ ڈیڑھ سالہ بیٹی کو قتل کرنے کی دھمکی دے کر خاتون کو برہنہ ہونے پر مجبور کیا۔ پولیس اہلکار تین روز تک گھر میں رہے۔ ساس کی جانب سے اعلیٰ حکام کو شکایت پر رہائی ملی۔ ایس ایچ او اقبال مارکیٹ منہ بند رکھنے کیلئے دھمکاتے رہے۔ پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ منشیات فروشی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ تاہم عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کر دی۔