اسلام آباد : انٹرنیشنل کاؤنٹر ٹیررازم فورم آج سے شروع ہو گا
اسلام آباد (این این آئی) انٹرنیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)کے زیراہتمام تین روزہ ’’اسلام آباد انٹرنیشنل کاؤنٹر ٹیررازم فورم‘‘ آج سے اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ فورم کا موضوع دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں ہیں ۔3 سے 5 اپریل تک جاری رہنے والی کانفرنس میں تقریباً 55 سے 60ممالک کے دانشور، صحافی، قلم کار، مختلف یونیورسٹیز کے پروفیسرز، پالیسی میکر، تھنک ٹینک سے وابستہ افراد، خارجہ و دفاعی امور کے ماہرین شرکت کریں گے۔ فورم میں پاکستان کی دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں دی گئی قربانیوں اور کامیابیوں پر دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ فورم کا آغاز قومی ترانے سے ہو گا جس کے بعد دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کو قربان کرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ کوآرڈینیٹر نیکٹا افتتاحی کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال خطاب، افتتاحی سیشن کے مرکزی سپیکر ہوں گے۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان 9/11 کے پاکستان پر اثرات پر اظہارخیال کریں گے۔ ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشنل اور حفاظتی امور پر گفتگو کریں گے۔ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں میڈیا اور پارلیمنٹ کے کردار پر رکن قومی اسمبلی اسد عمر، سینئر دفاعی امور کے ماہر لیونڈ سیون اور اون بینٹ جونز خطاب کریں گے۔ پاکستان کا دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں کردار پر سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر، سلمان بشیر، بین الاقوامی قانون کے ماہر احمر بلال صوفی، سابق پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اظہارخیال کریں گے۔