بھارت نے متنازعہ چینی سرحد ڈوکلام پر مزید فوج پہنچا دی
نئی دہلی (آئی این پی /شنہوا)بھارت نے ڈوکلام کی سرحد پر مزید فوج پہنچا دی ، یہ علاقہ تبت کے قریب واقع ہے ، چین اس علاقے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں گشت شروع کر دیا ہے ، اعلیٰ بھارتی حکام نے بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو گفتگو میں یہ بات کہی ۔بتایا ہے کہ تین ممالک کا یہ جیکشن تبتی علاقے کے قریب بھارت کے انتہائی مشرق میں ولانگ سے 50کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ بھارت اس علاقے کے ذریعے قریبی پہاڑوں اور دیگر علاقوں پر اپنا غلبہ قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہے ، اس لیے بھارت نے اپنی فوجی قوت میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ اس کے لیے اس علاقے کی بڑی فوجی اہمیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی فوجی اب تیز ی سے اس علاقے میں داخل نہیں ہو سکتے ، تاہم انہوں نے اس علاقے کے قریب تر پہنچے کیلئے سڑک تعمیر کر لی ہے جو فوجیوں کی نقل و حرکت میں مدد دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں 18پہاڑی درے موجود ہیں اور ہم انکی باقاعدہ نگرانی کر رہے ہیں اور جنگ کی باقاعدہ مشق کی جارہی ہے کیونکہ ہم اس علاقے کی جنگی اہمیت کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔