گارڈن ٹائون لاہور: برکت مارکیٹ کی 7 منزلہ عمارت میں آتشزدگی‘ سوئے ہوئے 5 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی
لاہور (سٹاف رپورٹر + خصوصی رپورٹر) لاہور کی برکت مارکیٹ میں 7منزلہ عمارت میں واقع بیکری میں آگ لگنے سے5 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں، دروازہ توڑ کر نعشیں نکالی گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے پلازہ کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ پانچوں افراد بالائی منزل پر موجود تھے۔ نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ گارڈن ٹائون کے علاقہ برکت مارکیٹ میں بیکری میں علی الصبح آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جاں بحق ہونیوالیوں میں15 سالہ شکیل،25 سالہ شہباز،30 سالہ طالب،40 سالہ شاہد اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بھرپور کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ مرنے والے15 سالہ شکیل اور30 سالہ طالب کا تعلق پاکپتن سے ہے۔ مقدمہ پلازے کے مالک علیم کیخلاف شکیل کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق پلازہ میں نہ ہی فائر الارم تھا جبکہ باہر نکلنے کے لئے کوئی ایمرجنسی راستہ بھی نہیں تھا عمارت میں دھواں بھر جانے کے باعث وہاں موجود افراد باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں ۔ آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ امدادی کارکن عمارت میں موجود دفاتر کے دروازے اور دیواریں توڑ کر اندر داخل ہوئے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق پانچوں افراد مختلف دفاتر کے ملازم تھے۔ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر سہیل ثقلین نے میڈیا کو بتایا ہسپتال لائے جانے والے چار افراد پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے جبکہ پانچویں متاثرہ شخص نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑا۔بیکری میں آتشزدگی کے حوالے سے ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی اور متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔ شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور محکمہ صحت کو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔