• news

جمہوری نظام کی مضبوطی اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے: حمزہ شہباز

سرگودہا (نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماو ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاہے کہ اگر ہم متحد نہ ہوئے تو پھر باہر سے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ،لولی لنگڑی جمہوریت کی آبیاری کرنا ہوگی،ملک میں موجود سسٹم کی مضبوطی اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ ،سینٹ ،عدلیہ ،افواج پاکستان اور تمام ریاستی اداروں کو ملکی ترقی و خوشحالی کے ایک ایجنڈے پر اکھٹے ہونا ہوگا اور ہم سب کو باہم متحد ہوکر اندر اور باہر کے دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔حمزہ شہبا زنے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ملک کے 22کروڑ عوام نے کرنا ہے اب سیاست کا نظریہ بدل چکا ہے لوگ نام نہیں کام یاد رکھیں گے اور الحمداللہ مسلم لیگ(ن) نے پانچ برسوں میں ملک و قوم کی حقیقی خدمت کی ہے ۔حمزہ شہباز نے سرگودھا یونیورسٹی میںلیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2013میں ملک اندھیر وں میں جکڑاہوا تھا ،خزانہ خالی تھا لیکن ہم نے اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اور چین کی دوستی سے بجلی کے کارخانے لگائے اسی طرح کراچی سمیت ملک کو دہشت گردی کے آسیب سے پاک کیا جس کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے خراج عقیدت کے مستحق ہیں اور ہم شہدا کی بیوائوں او رمائوں کو سلام پیس کرتے ہیں ۔حمزہ شہباز نے طلباء و طالبات سے کہا کہ وہ اس ملک کاحقیقی مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنا ہے وہ آئندہ الیکشن میں کسی سیاسی جماعت کونہیں اس ملک کے محفوظ مستقبل اور ترقی و خوشحالی کو ووٹ دیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیںجب ساری دنیا میں پاکستان کی عزت ہوگی اور ہم اپنے وسائل پرانحصارکر تے ہوئے آگے بڑھیں گے۔حمزہ شہباز نے لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہتر تعلیمی سہولتیں صر ف امیر لوگوں کا حق نہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویثرن نے دانش سکولوں کی شکل میں غریب کے بچے کو بھی اعلیٰ معیاری تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر کردیاہے اسی طرح اینڈوومنٹ فنڈ سے لاکھوں طلباء و طالبات مستفید ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میرٹ پرلیپ ٹاپ کی فراہمی سے سٹوڈنٹس کے مزید تعلیمی تقاضے پورے ہورہے ہیں اور اب پنجاب کے بچوں کو کیمرج اور آکسفورڈ جیسی تعلیم مل رہی ہے ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ یونیورسٹی آف سرگودھا کیلئے نئے آڈٹیوریم کی سے طلبا و طالبات کو مزید سہولیات حاصل ہوں گی ۔وزیر مملکت محسن شاہنواز رانجھا ،ضلع سرگودھا کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگی عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے خطبہ استقبالیہ میں بتایا کہ اس یونیورسٹی کے 30ہزار طلباء و طالبات کو مختلف مراحل میں میرٹ پر لیپ ٹاپ مل رہے ہیںجس میں پنجاب حکومت کے13ہزار لیپ ٹاپ شامل ہیں ۔حمزہ شہباز نے سرگودھا میں مصروف دن گزارا نئے جم خانہ کلب اور بس اسٹینڈکا افتتا ح کیا جبکہ چیمبر آف کامرس، سرگودھا پریس کلب ،بار ایسویسی ایشن او رمسلم لیگی عہدیداران کے وفود نے بھی حمزہ شہباز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔

ای پیپر-دی نیشن