مجید نظامی نے نظریاتی دہشت گردی کا بلاتاخیر مدلل جواب دیا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آبروئے صحافت مجید نظامی کے 90ویں یوم پیدائش پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجید نظامی جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ بلا شبہ مجید نظامی جدید صحافت کے امام تھے، انہوں نے صحافت کو نظریہ کے قالب میں ڈھالا، عمر بھر جرات مندانہ انداز میں پاکستان کے نظریے کا تحفظ اور دفاع کیا اور اس ضمن میں کسی سمت سے بھی نظریاتی دہشتگردی کی کوشش کی گئی تو انہوں نے بلا تاخیر اس کا مدلل جواب دیا اور نوجوان نسل کو نظریاتی پراگندگی کا شکار بنانے کی ہر مذموم کوشش بر وقت ناکام بنائی، انہوں نے کہا اس امر میں کوئی شبہ نہیں مجید نظامی کی کوششوں اور انتھک جدوجہد سے نوائے وقت اور جملہ پبلیکشنز کو پاکستان کے نظریاتی ہیڈکوارٹرز کا ٹائٹل ملا۔ انہوں نے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مجید نظامی انتہائی خوبصورتی کے ساتھ حمید نظامی کے مشن کو لے کر آگے بڑھے اور یہ امر اطمینان بخش ہے‘ انکے بعد بھی انکی ٹیم نظریہ پاکستان کا پرچم سر بلند رکھے ہوئے ہے یہ کہنا مبالغہ نہ ہو گا۔ نوائے وقت کی کوششوں سے نئی نسل تاریخ پاکستان اور اسلاف کے نظریات اور پاکستان کے نصب العین سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے نوائے وقت اور جملہ پبلی کیشنز کو پاکستان اور اسکے عوام کے بہترین مفاد میں استعمال کیا۔انہوں نے کہا دلی دعا ہے اللہ رب العزت مجید نظامی کے درجات بلند کرے اور نوائے وقت کی شکل میں انہوں نے جو نظریاتی انسٹیٹیوشن قائم کیا ہے یہ تاقیامت ملک و قوم اور آئندہ نسلوں کی نظریاتی آبیاری کا فریضہ تندہی کے ساتھ انجام دیتا رہے۔