• news

کشمیر کانفرنس، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے: سراج الحق، وزیراعظم، آرمی چیف کو خط

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ کو خط لکھا ہے جس میںکہا گیا ہے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر فوری طور پر مندرجہ ذیل اقدامات کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ حکومت پاکستان ایک قومی کشمیر کانفرنس کا اہتمام کرے جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت کے ساتھ حریت قائدین کو بھی مدعو کیا جائے ۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے جس میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی مذمت اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ساتھ آئندہ لائحہ عمل متفقہ قرارداد کی صورت میں کیا جائے۔ عالمی سطح پر بھارت پر دبائو بڑھانے کے لیے بھر پور سفارتی مہم چلائی جائے ۔ اس مہم کے ایک حصہ کے طور پر اہم دارالحکومتوں میں رابطوں کے علاوہ او آئی سی کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا جائے۔ نیز جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے لابنگ کی جائے۔ ممبران پارلیمنٹ اور ایسے اہل دانش جو مسئلہ کشمیر پر عبور رکھتے ہیں، کے وفود اہم دارالحکومتوں میں تشکیل دیئے جائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے مظالم جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں قانونی ماہرین کا پینل بنا کر ان کی مشاورت سے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں متاثرین اور شہداء کے خاندانوں کے لیے ریلیف رسانی کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف 5اپریل کو قوم سے یوم سیاہ منانے کی اپیل بھی کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن