مولانا فضل الرحمن نے فوجی شہدا کو دی گئی زمین کیسے الاٹ کرائی، نیب تحقیقات کرے شفقت محمود، معاملہ زیرغور ہے: ترجمان
اسلام آباد (جنرل رپورٹر + نامہ نگار) تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا 2001 میں جنرل (ر) مشرف کے دور میں 1500کنال زمین آرمی کے شہداء کیلئے رکھی گئی جس میں سے 600 کنال زمین کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان اور 600کنال زمین وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان نے بے نامی طریقے سے ہتھیا لی، بعد ازاں سابق وزیر مخدوم مرید کاظم نے 150کنال زمین اپنے نام کروالی، مرید کاظم تو اس معاملے پر پیشیاں بھگت رہے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف 2010میں نیب کی جانب سے شروع کی جانے والی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہے، اس معاملے پر نیب آگاہ کرے۔ منگل کو شفقت محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈی آئی خان میں 2001میں صوبائی حکومت نے ساڑھے14ہزار کنال زمین پاکستانی فوج کو الاٹ کی، اس زمین میں سے مشرف دور میں 600کنال زمین مولانا فضل الرحمان نے اپنے نام کروالی۔ نیب ترجمان نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شہداء کی زمین الاٹ کرنے کے معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔