جعلی خبر پر صحافیوں کو سزا: مودی نے حکمنامہ واپس لینے کی ہدایت کر دی
نئی دہلی (اے ایف پی+ صباح نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر اطلاعات و نشریات سمرتی ایرانی کو اس حکم نامے کو واپس لینے کا حکم دیا ہے جس کے مطابق جن صحافیوں پر جعلی خبر کا الزام لگا انہیں سزا دی جا سکتی تھی۔ پریس انفارمیشن بیورو کے ڈائریکٹر جنرل فرینک نروہنا نے یہ معلومات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے لکھا وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ فیک نیوز سے متعلق معاملے کو صرف انڈین پریس کونسل میں ہی اٹھایا جائے۔ اس کے بعد سمرتی ایرانی نے ٹویٹ کی فیک نیوز پر بحث چھڑ گئی ہے۔ پی آئی بی ایکریڈیشن کی گائڈلائنز کی رو سے پریس کونسل آف انڈیا اور نیوز براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (این بی اے) نے اس کی تشریح و تعبیر کا مطالبہ کیا ہے۔ بہت سے صحافی اور ادارے اس کے متعلق تجاویز دے رہے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کی وزارت کو خوشی ہوگی اگر جعلی خبروں پر ہم ایک صفحے پر آ گئے۔ خیال رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے فیک نیوز سے متعلق حکم جاری کیا تھا۔ اس حکم کے مطابق اگر کوئی صحافی فیک یا جعلی خبر تیار کر کے اسے پھیلانے کی کوشش کرتا ہے تو اسے بلیک لسٹ کیا جا سکتا ہے۔ حکومت کے فیصلے اور پھر اسے واپس لینے کی خبر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کا موضوع ہے۔ جو صحافی اس فیصلے پر اعتراض کر رہے تھے وہ اب اسے واپس لیے جانے پر اس کی تعریف کر رہے ہیں۔ بعض لوگ اس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کو مضحکہ خیز قرار دے رہے ہیں۔ رولف گاندھی نامی ٹوئٹر ہینڈلر نے سمرتی ایرانی کے ایک سیریئل کی روتی ہوئی ایک تصویر کے ساتھ لکھا یہ آنسو اس وقت آتے ہیں جب آپ کے گھر والے آپ کی تجویز کو نہ مانیں اور کوڑے دان میں ڈال دیں۔ اس سے پہلے معروف صحافی برکھا دت نے لکھا تھا ٹرمپ نما ماحول فضا میں ہے۔ یہ فیک نیوز کی لڑائی ہے، جہاں میڈیا دشمن ہے۔ آئی این پی کے مطابق حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جعلی خبریں نشر کرنے والے صحافیوں کی سرکاری پریس کانفرنسز میں شرکت پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے یا مختلف تقریبات میں رپورٹنگ کے لیے ان کے اجازت نامے منسوخ بھی کیے جا سکتے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ان اقدامات کا دارومدار اس امر پر ہو گا کہ خلاف ورزیاں کس تسلسل سے کی جا رہی ہیں۔ بھارت میں صحافی برادری اور حزب اختلاف نے اس پیش رفت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئندہ برس انتخابات سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ذرائع ابلاغ کو کنٹرول کرنے کی کوشش ہے۔