بجٹ میں نئے منصوبے متعارف نہیں کرائیں گے: مفتاح اسماعیل
لاہور (این این آئی) وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے اقتصادی امور مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں حکومت کسی قسم کے نئے منصوبے متعارف نہیں کروائے گی، حکومت کی مدت ختم ہونے والی ہے تاہم موجودہ حکومت آئندہ مالی سال کا مکمل بجٹ پیش کرے گی، جو اس وقت سڑکیں بن رہی ہیں، ڈیم بن رہے ہیں، ان کو درمیان میں تو نہیں چھوڑ سکتے، جولائی سے جو لوگوں کی تنخواہ میں اضافہ ہونا ہے اس کو تو نہیں روک سکتے، بجلی کی ترسیل کی کمپنیوں میں جتنی بہتری لا سکتے تھے اتنی نہیں ہو سکی، اس کا دیرپا حل ہے نجکاری ہی ہیں اور اگر ہماری حکومت دوبارہ آئی تو ہماری کوشش ہوگی کہ بجلی کی ترسیل کی کمپنیوں کی نجکاری کی جائے۔ بی بی سی کو انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ اگلی حکومت ہمارا پیش کردہ بجٹ ردی کی ٹوکری میں نہیں ڈالے گی مگر قومی اسمبلی کے سپیکر کے ذریعے میری پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سے بات ہوچکی ہے اور مکمل سال کا بجٹ دینے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ نہ صرف ہم بجٹ دیں گے بلکہ تمام صوبائی حکومتیں بھی مکمل بجٹ دیں گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کرے گی اور جب انتخابات کے بعد نئی حکومت ایک بار پھر مینڈیٹ لے کر آئے گی تو وہی نئے منصوبے لائے گی۔