مذہب کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں، متفقہ فتوی کو قانونی شکل دینی چاہئے:اسلامی نظریہ کونسل
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل کے ڈاکٹر ایاز نے کہا ہے کہ مذہب کوتشدد اورنفرت پھیلانے کیلئے استعمال کرنے والے مذہب کا حقیقی چہرہ مسخ کرتے ہیں، دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف بیانیہ کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف متفقہ فتویٰ کو قانون کی شکل دینی چاہئے، اعلی تعلیمی کمشن کو اسے نصاب کا حصہ بنانا چاہئے۔ چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے یہ بات منگل کو نیکٹا کے زیراہتمام ’اسلام آباد انٹرنیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم فورم‘ کے پہلے روز منعقدہ پینل مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ایازنے کہا کہ پرامن معاشرے کا قیام اسلام کے بنیادی تعلیمات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام سمیت تمام الہامی مذاہب نے پرامن معاشروں کے قیام کا پرچار کیا ہے، مذہب کو تشدد اور نفرت پھیلانے کیلئے استعمال کرنے والے حقیقت میں اس کا حقیقی چہرہ مسخ کرتے ہیں۔