فراڈ کے ملزم کی ضمانت خارج، پولیس کو تگنی کا ناچ نچاکر ہائیکورٹ سے فرار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) فراڈ کے ملزم نے ضمانت خارج ہونے پر پولیس کو لاہور ہائیکورٹ میں تگنی کا ناچ نچا دیا، ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ملزم کو پکڑنے کیلئے ایک کونے سے دوسرے تک پیچھے بھاگتی رہ گئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ملزم ظہیر عباس کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست گزار پر ایک کروڑ اکتیس لاکھ کا بائونس چیک دینے کا الزام ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش میں درخواست گزار قصور وار ثابت ہوا ہے۔ ہائیکورٹ نے فریقین کا موقف سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ ملزم عدالتی حکم سنتے ہی رفو چکر ہوگیا اور پھر کیا تھا پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس اہلکار اس کو پکڑنے کیلئے ایک کونے سے دوسرے کونے اس کے پیچھے بھاگتے رہے لیکن ملزم پولیس کے ہاتھ نہیں آیا۔ پولیس اہلکار بھاگتے ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں بے دم ہوگئے لیکن ملزم ہائیکورٹ کے احاطے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔