• news

یمن: حوثیوں کا سعودی تیل بردار بحری جہاز پر حملہ، معمولی نقصان

ریاض/صنعا (نیوز ایجنسیاں+ نو ائے وقت رپورٹ) حوثی باغیوں نے سعودی تیل بردار جہاز پر حملہ کیا۔ معمولی نقصان پہنچا۔ عرب ٹی وی کے مطابق یمنی بندرگاہ الحدیدہ کے قریب گزرنے والے جہاز کو نشانہ بنایا۔ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی بحری راہداری کو نشانہ بنایا۔ سعودی اتحاد نے حملے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا۔یمن میں باغیوں کے زیر قبضہ بندرگاہ حدیدہ کے قریب فضائی حملے میں 16شہریوں سمیت 7بچوں کے مارے جانے کی رپورٹ میں کہا گیا متعدد برسوں میں یمن میں چھوٹے بچوں پر یہ مہلک ترین حملہ ہے۔ یونیسیف کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا بچوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کر رہے ہیں‘ ملبے میں سے نعشیں نکال رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متعدد بچے لاپتہ ہیں۔ مارچ 2015ء کے بعد یہ مہلک ترین حملہ ہے۔ گزشتہ روز سعودی اتحاد نے ایک عمارت کو نشانہ بنایا تھا جہاں حوثی باغی چھپے ہوئے تھے۔ کولیشن ترجمان نے کہا تھا انکوائری کر رہے ہیں۔ جنیوا میں ڈونر کانفرنس میں اقوام متحدہ نے یمنی شہریوں کیلئے 2ارب ڈالر فنڈز جمع کر لئے۔ این این آئی کے مطابق یمنی حوثیوں کا سعودی شہر بمہرات پر ایک اور بلیسٹک میزائل حملہ ناکام ہو گیا۔ سعودی اتحاد کیمطابق شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی‘ میزائل راستے میں تباہ ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن