• news

ننکانہ : تھانے میں تشدد‘ حالت بگڑنے پر شہری کو جعلی مقابلے میں ہلاک کر دیا‘ لواحقین کا احتجاج

ننکانہ صاحب، بچیکی، مانگٹانوالہ، سید والا(نامہ نگاران)پولیس گردی کی بد ترین مثال ، سڑک کنار ے بس کے انتظار میںکھڑے میاں بیوی کو پولیس ڈکیتی کے شبہ میں گرفتار کر کے تھانہ لے گئی ، پولیس نے شوہر پر تشدد کیا۔حالت بگڑنے پر جعلی پولیس مقابلہ میں پار کر دیا۔ بیوی کو ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا، لواحقین کا الزام، اہل خانہ کا پریس کلب ننکانہ صاحب کے سامنے ننکانہ شاہکوٹ روڈ بلاک کر کے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، مقتول کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی ،لواحقین کی چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات موڑ کھنڈا کے قریب پولیس مقابلہ میںہلاک ہونے والے ڈاکو کے لواحقین نے پریس کلب ننکانہ صاحب کے سامنے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ ننکانہ شاہکوٹ روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کردی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ، مقتول کی والدہ ، بھائی شاہد ،سسر مشتاق سمیت دیگرلواحقین کا کہنا کہ مقتول ارشد اور اسکی بیوی بشریٰ بی بی اپنی بہن کو ملنے کے بعد لاہور جانے کے لیے موڑ کھنڈا ہیڈ بلو کی روڈ پرپل نہر بونگاں گلاں کے قریب بس کے انتظار میںکھڑے تھے کہ دونوں نے ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا‘ وہ نہ رکا تو اسی اثناءمیںپیچھے سے پولیس کی گاڑی آگئی جسے دیکھ کر دونوں نے پھر رکنے کا اشارہ کیا توپولیس نے گاڑی روک کر پوچھا کہ کیا بات ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور جانے کے لیے ٹرک والے کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہیں رکا جس پرپولیس نے کہا کہ تم ڈاکو ہو‘ پولیس انہیں گاڑی میں بٹھا کر تھانہ مانگٹانوالہ لے گئی جہاں پولیس نے ارشد پر تشدد کیا‘ تشدد سے حالت بگڑنے پر اسے جائے وقوعہ پر لے جاکر جعلی پولیس مقابلہ میں پار کر دیا۔ پولیس نے مقتول کی بیوی بشریٰ بی بی کو مرضی کا بیان نہ دینے پر ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا۔ دوسری طرف پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول ارشد کی بیوی بشریٰ بی بی نے موڑ کھنڈا ہیڈ بلوکی روڈ پر پل نہر بونگہ گلاں کے قریب سڑک پر اکیلی کھڑی ہوکر بونگلہ گلاں کو جانے والے موٹر سائیکل سوار عارف حیات ، محمد افضل اور محمد ارشد کو رکنے کا شارہ کیا‘ جب وہ رکے تو اسی اثناءمیں قریبی گندم کی فصل سے پانچ نامعلوم ڈاکو باہر نکل آئے جنہوں نے ان سے ساڑھے سات ہزار روپے کی نقدی ، طلائی زیورات وغیرہ چھین لیے۔ قبل ازیں انہی ڈاکوﺅں نے پھول نگر کے مزداٹرک کے ڈرائیور شہباز اکمل سمیت متعد د راہگیروں کو بھی لوٹا جن کی اطلاع پر قریبی گاﺅں کے لوگ وہاں پہنچ گئے جن کو دیکھ کر ڈاکوﺅں نے گندم کی فصل میں جاکران پر فائرنگ شروع کردی جس پر لوگوں نے بھی جوابی فائرنگ کی ‘ ارشد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا‘ اسکے ساتھی فرار ہو گئے پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر ہلاک ہونے والے ڈاکو کی بیوی بشریٰ بی بی کو پکڑ لیا اور ان کے قبضہ سے اسلحہ ، طلائی زیورات، نقدی ودیگر سامان برآمد کرکے ملزمان کے خلاف تھانہ مانگٹانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا۔
میاں بیوی ڈاکو

ای پیپر-دی نیشن