سکیورٹی فورسزکی تربت اور ڈیرہ بگٹی میں کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ/ ایبٹ آباد (بیورو رپورٹ/ آئی این پی) آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی اور سکیورٹی فورسزکی تربت اور ڈیرہ بگٹی میں کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی اور سیکورٹی فورسز نے تربت اور ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد تربت کے علاقے دشت میں ایک ایف سی اہلکار عرفان شہید ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ایف سی اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی شروع کردی۔ علاوہ ازیں گوادر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ گوادر یونیورسٹی کالج کیمپ میں تعینات پولیس اہلکار پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار کانسٹیبل شعیب جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔ ایبٹ آباد سے آئی این پی کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں نے حویلیاں کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بٹیالہ کی دیوار کے ساتھ بارودی مواد نصب کرنے والے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی انسداد دہشت گردی فورس کیڈٹ خورشید تنولی کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول بٹیالہ کی دیوار کے ساتھ بھاری مقدار میں بارودی مواد نصب کر کے دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا۔
ردالفساد/ دہشت گرد