مجید نظامی کشمیر سے متعلق بانی پاکستان کے موقف پر کاربند رہے، ضیا عباس
کراچی (سٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاءعباس نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا جبکہ امام صحافت مجید نظامی بھی اپنے اس موقف پر کاربند رہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری کمزور خارجہ پالیسی اور بھارت کی مکارانہ سیاست کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل ہونے کے بجائے ابھی تک لٹکا ہوا ہے، امام صحافت مجید نظامی کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں سید ضیاءعباس نے کہا کہ وہ نہ صرف کشمیر پر ایک مضبوط موقف رکھتے تھے بلکہ بھارت کی چانکیہ سیاست سے بھی پوری طرح آگاہ تھے اسی لئے برسوں پہلے سندھ طاس معاہدے کے باوجود مجید نظامی نے خبردار کر دیا تھا کہ بھارت واٹر بم کو پاکستان کے خلاف استعمال کرسکتا ہے۔ سید ضیاءعباس نے کہا کہ آج بھارتی فوج نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے بلکہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے حصے کا پانی بھی روکا جا رہا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں اس کے علاوہ ہیں۔ اس صورتحال میں پاکستان کو عالمی سطح پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے احتجاج کرنے کی ضرورت ہے۔
ضیا عباس