وادی تیراہ:چیک پوسٹ پر حملہ‘ ایک سکیورٹی اہلکار شہید
وادی تیراہ (نوائے وقت نیوز ‘ اے این این) خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید دو زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق دور افتادہ پہاڑی علاقے گھڑے جواکاخیل میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں ایک فوجی جوان ایاز گل شہید ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے راستے میں بارودی سرنگیں بھی بچھائی تھیں جس کے دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار لانس نائیک کلیم اور برکت، جن کا تعلق محسود اسکا¶ٹس سے بتایا جاتا ہے، زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی لیکن دہشت گرد فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہو ئے دہشت گرد کمانڈر کو سوات کے علاقے اوڈی گرام سے گرفتار کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کمانڈر علی رضا نے 2009ءمیں ڈی ایس پی خدا بخش کے گھر کو آگ لگانے کے بعد لوٹ مار بھی کی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب دہشت گرد 2008ءسے روپوش تھا تاہم گزشتہ روز صبح خفیہ اطلاع پر اوڈی گرام کے علاقے سے اسے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وادی تیراہ/ سوات