20 سال پرانا ہرن شکار کیس‘ سلمان خان کو پانچ سال قید کی سزا‘ گرفتار‘ بہنیں رو پڑیں
اسلام آباد (این این آئی+صباح نیوز+نیٹ نیوز) بھارت کی ریاست راجستھان کی ایک عدالت نے نایاب ہرنوں کے غیر قانونی شکار کے مقدمے میں معروف فلمی اداکار سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 5سال قید اور10 ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا جبکہ ان کے ساتھی اداکاروں کو بری کر دیا گیا۔سلمان خان کو گرفتار کر لےا گےا، اس مقدمے میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے اور نیلم بھی ملزمان تھے۔ سلمان خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے موکل کو تین برس سے کم سزا دی جائے۔تاہم سرکاری وکیل نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ چونکہ سلمان خان نے نایاب ہرنوں کا شکار کیا ہے اس لیے انہیںچھ برس کی سزا دی جائے۔ عدالت میں سلمان کے ساتھ ان کی بہنیں بھی موجود تھیںجو فےصلہ سن کر رونے لگےں۔ عدالت کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ لوگوں کے ہجوم اور میڈیا کو دور رکھنے کے لیے رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں۔ ہرنوں کے شکار کا معاملہ 1998 ءکا ہے۔ سلمان خان، سیف علی خان، تبو، سونالی اور نیلم فلم ”ہم ساتھ ساتھ ہیں“کی شوٹنگ کے لیے جودھ پور میں تھے۔19 برس پرانے اس مقدمے کا فیصلہ 28 مارچ کو محفوظ کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے بھارتی اداکار سلمان خان کو پانچ سال کی سزا سنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ امتیازی سلوک برتا گیا کیونکہ ان کا تعلق اقلیت سے تھا ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک جنگلی جانور کو مارنے کی پاداش میں 20سال کے بعد 5سال کی قید کی سزا دینے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں انسانی خون خصوصاً مسلمانوں، عیسائیوں، دلت اور اچھوتوں کا خون ارزاں ہے اگر ان کا حکمران پارٹی کے مذہب سے تعلق ہوتا تو اسے یہ سزا نہ ملتی۔ نیٹ نیوز کے مطابق اگرچہ سلمان خان کو اسی کیس میں اسی عدالت نے کم سے کم 3 مختلف معاملات میں بری کردیا تھا، تاہم ان پر نایاب نسل کے سیاہ ہرن کے شکار کا الزام ثابت ہونے پر انہیں جیل کی سزا سنائی گئی۔ اب سلمان خان کے جیل سے باہر آنے کا واحد راستہ عدالت میں نظرثانی کی درخواست ہے، جس کے لیے اداکار نے پہلے ہی انتظامات کر رکھے ہیں۔ قید کی سزا کے خلاف آج 6 اپریل کو جودھپور سیشن کورٹ میں نظرثانی کی درخواست پر سماعت ہوگی۔ سلمان خان کو ضمانت ملتی ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی، تاہم اہم سوال یہ ہے کہ دبنگ ہیرو کے 5 سال تک جیل جانے سے انہیں کتنا نقصان ہوگا، اور ان کی آنے والی فلموں کا کیا بنے گا؟ سلمان خان کے جیل جانے سے نہ صرف انہیں کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا، بلکہ بھارتی فلم و ٹی وی انڈسٹری کو بھی اندازوں کے مطابق ایک ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت سلمان خان یومیہ کم سے کم 65 لاکھ 47 ہزار روپے کماتے ہیں لیکن جیل جانے کے بعد ان کی یہ کمائی بند ہوجائے گی۔ سلمان خان کی گزشتہ برس یعنی 2017ءتک مجموعی ملکیت کا تخمینہ 1480 کروڑ روپے تھا، رواں برس ان کی دولت میں بے تحاشہ اضافے کا امکان تھا۔ سلمان خان سے منسلک فلموں اور ٹی وی منصوبوں کے بجٹ کے اعداد و شمار۔ ریس تھری: 120 کروڑ روپے‘ بھارت: 210 کروڑ روپے‘ کک 2: 200 کروڑ روپے‘ دبنگ تھری: 110 کروڑ روپے‘ نو انٹری میں انٹری: 50 کروڑ روپے‘ پارٹنر 2: 60 کروڑ روپے‘ شیر خان: 65 کروڑ روپے‘ لو راتری: 22 سے 150 کروڑ روپے (پروڈیوسر سلمان خان)‘ ٹائیگر سیکوئل: 250 کروڑ روپے‘ ٹی وی پروگرام‘ دس کا دم: 78 کروڑ روپے‘ بگ باس 12: ایک قسط کے 11 کروڑ روپے‘ سلمان خان کی فلاحی تنظیم ’بیئنگ ہیومن‘ بھی اس وقت سالانہ 20 سے 22 کروڑ روپے کماتی ہے۔ مزید برآں معروف بالی وڈ اداکارہ اور امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن سلمان خان کی گرفتاری کے خلاف بول پڑیں۔تفصیلات کے مطابق سلمان خان کی گرفتاری کی خبر ان کے مداحوں پر بجلی بن کر گری۔اور اب سلمان خان کی گرفتاری کے بعد بالی وڈ اداکاروں کا رد عمل آنا بھی شروع ہو گیا۔ جیا بچن کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے انسانی حقوق کے لئے بہت کام کیا ہے اور میں ان کے لیے بہت بُرا محسوس کر رہی ہوں سلمان خان کو اس کیس میں رہائی مل جانی چاہئے تھی۔
سلمان خان