کشمیر سے متعلق بیان پر قائم آئی پی ایل میں کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں : شاہد آفریدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں، بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے، یہ میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہوسکتے۔ بھارتی عوام پاکستانیوں اور پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتی ہے لیکن میڈیا ہمیشہ کی طرح منفی کردار ادا کررہا ہے، ۔ کشمیر ہو یا کوئی اور ملک جہاں بھی ظلم ہوگا میں آواز اٹھاوں گا۔ مجھے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے، میں اگر کرکٹر نہ ہوتا تو پاکستان کا فوجی ہوتا، میری فوج جو کررہی ہے مجھے اس پر فخر ہے، میں بھی پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں۔ میں بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں، مجھے بلایا بھی گیا تو آئی پی ایل نہیں کھیلوں گا، ہماری پی ایس ایل بڑی لیگ ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی لیگ بھارتی لیگ سے بڑی ہوگی۔بھارتی میڈیا کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ان کے بیان کو مثبت لیں اور اپنی حکومت سے کہیں کہ وہ کشمیر میں ظلم بند کرے۔ مجھے بھارتی کرکٹرز کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ کچھ کرکٹرز آگے بڑھ کر میری کردار کشی کررہے ہیں، میں بھارتی میڈیا کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور بھارتی عوام کو کہوں گا کہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔بھارتی حکومت کشمیر میں مظالم بند کرے ۔