• news

ریڈیو پاکستان نے میچوںکی کمنٹری نشر کر کے دل جیت لئے : حسن جلیل، راجہ اسد

لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) کرکٹ کمنٹیٹرز کلب آف پاکستان کے سینئر وائس پریذیڈنٹ اور مایہ ناز کمنٹیٹر حسن جلیل نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان نے ہاکی کے انٹر نیشنل میچوں، انٹر نیشنل الیون، پی ایس ایل، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز ٹور کے تمام میچوں پر براہ رسست کمنٹری کر کے شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے ہیں۔ وہ لاہور میں سینئر اردو کمنٹیٹر اور سی سی پی کے سیکرٹری جنرل راجہ اسد علی خاں کے ساتھ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ حسن جلیل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے ماضی کی شاندار روایت برقرار رکھتے ہوئے جمشید مارکر، عمر قریشی، افتخار احمد، منیر حسین، چشتی مجاہد، شہزاد ہمایوں، طارق رحیم، طارق بچہ، ریحان نواز، محمد ادریس کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے اور حالیہ کرکٹ میں صاف اور شفاف آواز کو ملک اور ملک سے باہر لاکھوں شائقین کرکٹ تک پہنچایا ہے۔ وہ خود امریکہ میں انٹر نیٹ ریڈیو پاکستان کی کمنٹری سے مسید ہوتے رہے ہیں۔ حسن جلیل نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان اور ماہر نشریات شفقت جلیل کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے جبکہ سٹیشن ڈائریکٹر لاہور نزاکت شکیلہ نے جس انداز سے نشریاتی حقوق حاصل کئے یہ کاوش بھی قابل تحسین ہے۔ راجہ اسد علی خاں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی کمنٹری میں پہلے جیسا دم خم اور سامعین تک پہنچ موجود ہے بلکہ اس کا دائرہ کار انٹرنیٹ کی وجہ سے وسیع ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی اور حال میں کرکٹ کے فروغ اور مقبولیت کے حوالے سے ریڈیو پاکستان نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن