• news

ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کاش نواز شریف 30 سال پہلے لگاتے: حافظ حسین احمد

اٹک/کامرہ (آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری اطلاعات و متحدہ مجلس عمل رابطہ کمیٹی کے چیئرمین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ کاش نواز شریف 30 سال پہلے لگاتے، پارلیمنٹ ووٹ حاصل کرنے والوں کا ادارہ ہے مگر وہ پارلیمنٹ کو اہمیت نہ دے سکے۔ بدقسمتی سے ووٹ کے تقدس اور احتسابی ادارے پارلیمنٹ کے بجائے خود عدلیہ کو خط لکھ کر بند گلی میں کھڑے ہو گئے اور آج ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں نواز شریف سمیت دیگر جماعتیں ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کا خیر مقدم کررہی تھیں مگر آج حالات کے جبر اور دیگر سیاسی مجبوریوں کو وہی غلط اقدام قرار د ے رہی ہیں۔ ہمارا آج بھی ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں سے اتحاد جمہوریت کی بقا کیلئے قائم ہے۔ 2018کے الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کے مقابلہ اور دینی جماعتوں کی صف بندی کیلئے ایم ایم اے بحال ہو چکی ہے جس میں تمام جماعتیں ایک ہی انتخابی نشان پر انتخابات میں حصہ لیں گی البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا راستہ بھی کھلا رکھا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامرہ میں اپنے قریبی رفقاء جے یو آئی برطانیہ کے مرکزی رہنماؤں قاری امداد اﷲ قاسمی اور سید حسن شاہ سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ، صحافی ذیشان بٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر دور میں قلم کی آبرو کے محافظوں پر دباؤ ڈال کر اپنے کرتوت چھپانے اور تنقید کی روک تھام کیلئے قلم والوں کے سر قلم کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن