لاہور بورڈ: جماعت دہم کے پیپر کی مارکنگ ہدایات میں غلطیاں
مکرمی! میٹرک جماعت دہم کے پیپرز کی مارکنگ شروع ہوچکی ہے۔ لاہور بورڈ کے قوانین کے مطابق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے کے روشنی میں رزلٹ کے بعد پرچوں کی ری مارکنگ نہیں ہوتی۔ اب وقت ہے کہ مارکنگ درست کروائی جائے۔ انگلش جماعت دہم کے پرچہ کی مارکنگ کے لیے جاری کی گئی ہدایات نہ تو درسی کتاب کے مطابق ہیں بلکہ سو فیصد غلط ہیں۔ گروپ فرسٹ کے معروضی طرز نمبر19 کا جواب Littleدیا گیا ہے جب کہ درسی کتاب کے مطابق درست جواب A Little ہے۔ اسی طرح معروضی طرز نمبر17 کا جواب Yet دیا گیا ہے جب کہ درست جواب But ہے۔ یہ جوابات نہ صرف پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتاب کے مطابق درست ہیں بلکہ مارکیٹ میں دستیاب امدادی کتب پروفیسر مسرت کی سن شائن انگلش گرامر، یونیک انگلش گرامر اور خالد بک ڈپو کی اے ون پائلٹ گرامر میں بھی جوابات A Little اور Butہی ہیں۔ اب تو ایک ایک نمبر کی دوڑ ہے ۔ ایک نمبر کی کمی کی وجہ سے طالب علم بورڈ پوزیشن سے محروم ہوسکتا ہے یا کوئی طالب علم فیل بھی ہوسکتا ہے۔چیئرمین اور کنٹرولر لاہور بورڈ اسے اپنی انا کا مسئلہ نہ بنائیں۔ یہ کہنا کہ ہمارے پیپر سیٹر نے جو ایک دفعہ مارکنگ ہدایات ارسال کردی ہیں چاہے وہ سو فیصد غلط ہوں ہم نے ان پر عمل کروانا ہے۔ یہ بات درست نہیں اس طرح بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے درخواست ہے کہ معصوم طلباء کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچانے کے لیے ان غلط مارکنگ ہدایات کی روشنی میں ہونے والی مارکنگ کو فوری روک کر نظر ثانی شدہ مارکنگ ہدایات جاری کروائی جائیں اور جو پرچہ جات غلط چیک ہوچکے ہیں ان کی نظر ثانی کی جائے۔(سید شفیق الرحمن، گورنمنٹ جامع ہائی سکول شیخوپورہ)