نیب میں مبینہ کرپشن : جے آئی ٹی رکن عرفان منی‘ پانچ ڈی جیز سمیت 23 افسر طلب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) نیب میں مبینہ کرپشن پر 6 ڈی جیز سمیت 23 افسران سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے سامنے طلب کر لئے گئے۔ نیب کے گریڈ 17 سے 21 کے افسران کو مختلف تاریخوں میں طلب کیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی کے رکن اور ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کو بھی کمیٹی کے سامنے طلب کر لیا گیا۔ عرفان منگی اور گریڈ 21 کے ڈی جی ظاہر شاہ اور ڈی جی فاروق اعوان، گریڈ 21 کے محمد الطاف بھوانی اور حسنین احمد کو 21 اپریل، گریڈ 20 کے عتیق الرحمن، مرزا سلطان، فرمان اللہ 9 اپریل کو طلب کئے گئے ہیں۔ گریڈ 20 کے فیاض احمد، نعمان اسلم، عرفان بیگ اور مسعود عالم کو 10 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ گریڈ 20 کے عبدالحفیظ، مجاہد اکبر بلوچ، ایس ایم حسنین، عبدالحفیظ صدیقی، غلام فاروق، ظفر اقبال کو 11 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ گریڈ 19 کے محمد مبشر، طارق محمود بھٹی کو 9 اپریل کو کمیٹی کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ نیب افسران اپنی تعیناتی اور دیگر کوائف بھی ساتھ لائیں۔ علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی/ اسلام آباد کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی زیر صدارت راولپنڈی بیورو میں ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹیبلٹی، ڈائریکٹر، تفتیشی افسران، لیگل کنسلٹنٹس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ جمعہ کو ہونیوالے اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ نے نجم الدین اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دےدی۔ انکوائری کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے مضاربہ کے نام لوگوں سے دھوکہ دہی سے بڑے پیمانے پر لوٹ مار اور خوردبرد کی۔ ملزمان نے مضاربہ کے کاروبار میں لوگوں کو پرکشش منافع کا لالچ دے کر لوٹا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سی ڈی اے افسران کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رانا مارکیٹ ایف سیون ٹو میں کلینکل کیلئے پلاٹ کو کمرشل پلاٹ میں تبدیل کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد عدنان احمد لوہانی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔
نیب/ افسر طلب