• news

نواز، مریم کیخلاف توہین عدالت کیس: فل بنچ تیسری بار تحلیل، نیا تشکیل

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد مبین کے بعد جسٹس شاہد جمیل نے بھی نواز شریف، مریم نواز اور دیگر مسلم لیگی رہنماﺅں کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت سے معذرت کر لی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس یاور علی نے نیا بنچ تشکیل دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر پر مشتمل فل بنچ تشکیل دیا۔ فل بنچ 9اپریل سے توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ اس سے قبل جسٹس شاہد بلال حسن کا ملتان بنچ تبادلے کے باعث بنچ تحلیل ہوا تو پھر جسٹس شاہد مبین اور جسٹس شاہد جمیل خان نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی۔ چیف جسٹس نے چوتھی مرتبہ نیا فل بنچ تشکیل دیدیا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف، مریم نواز اور دیگر مسلم لیگی رہنما مسلسل عدالت کی توہین کررہے ہیں لہٰذا فاضل عدالت نواز شریف، مریم نواز اور دیگر مدعا علیہان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
بنچ تحلیل

ای پیپر-دی نیشن