;بلاول اپنے والد کو پیپلز پارٹی میں آنے کی دعوت دیں‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں مساوی مواقع ملنا چاہئیں‘ الیکشن کمیشن بھی انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جو کچھ منتخب وزراءاعظم کے ساتھ ہوتا آیا ہے وہ کسی اور کے ساتھ نہ ہو۔ حاصل بزنجو اور محمود خان اچکزئی کے پیچھے وہ تمام لوگ ہیں جن کی وہ نمائندگی کرتے ہیں۔ آنے والے وقت میں پاکستان میں جمہور کی طاقت ہوگی اور جمہوریت کی بالادستی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری جس جماعت کی نمائندگی کررہے ہیں وہ پیپلز پارٹی نہیں بلاول بھٹو زرداری کو چاہئے کہ وہ اپنے والد آصف زرداری کو پیپلز پارٹی میں آنے کی دعوت دیں۔ ملک میں انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے سینٹ کے انتخابات کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں ہوئی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابات کا بروقت انعقاد ہی جمہوریت کی فتح ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر نہ کی جائے گی اور انتخابات میں تاخیر کی آئین اجازت نہیں دیتا۔ چیف جسٹس کو چاہئے کہ وہ صاف اور شفاف انتخابات کو بھی یقینی بنائیں۔ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں مساوی مواقع ملنا چاہئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
مریم اورنگزیب