جنوبی کوریا: سابق خاتون صدر پارک گین کو کرپشن پر 24 سال قید کا حکم
سیول(این این آئی + اے ایف پی) جنوبی کوریا کی عدالت نے سابق صدر پارک گین ہائی کو رشوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 24 سال قید کی سزا کا حکم دے دیا۔ اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کی عدالت نے 66 سالہ سابق صدر پارک گین ہائی کو رشوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 24 سال قید کی سزا اور 16 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم سنا دیا ۔ سابق صدر کو سزا ان کی غیر موجودگی میں سنائی گئی ۔سابق صدر پارک گین ہائی گزشتہ ایک سال سے جیل میں ہیں اور وہ اپنی کئی پیشیوں پر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئیں۔ سابق جنوبی کورین صدر پر اپنے قریبی دوست چوئی سون سل اور مشیر کےساتھ مل کر دو تنظیموں کو بھاری عطیات دینے کا الزام تھا تاکہ ان کی پالیسیوں کی حمایت کی جاسکے۔سابق صدر پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے سام سنگ گروپ کی حمایت کرنے کےلئے بھاری رشوت طلب کی تھی۔
سابق کورین صدر / سزا