پنڈ دادنخان‘ شورکوٹ‘ عارفوالا: نمائندہ نوائے وقت سمبڑیال کے قتل کیخلاف صحافیوں کی احتجاجی ریلیاں
پنڈدادنخان+ شورکوٹ+ عارفوالا (نامہ نگاران) نمائندہ نوائے وقت سمبڑیال ذیشان اشرف بٹ کے قتل اور ملزموں کی عدم گرفتاری پر پنڈدادنخان‘ شورکوٹ اور عارف والا کی صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج‘ ریلیاں نکالیں۔ روزنامہ نوائے وقت لاہور سمبڑیال کے صحافی ذیشان اشرف بٹ کے ظالمانہ اور بہیمانہ قتل کے خلاف تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صحافیوں نے احتجاجی ریلی چوک محمدیہ سے راجہ ہوٹل چوک تک نکالی جس میں شرکاء نے گہرے رنج و غم اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور پولیس کو قتل کا قصور وار ٹھہرایا۔ صدر پریس کلب اختر ارائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاتل کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو فوراً گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ پنڈدادنخان کے معروف صحافی راجہ اعجاز ججی کے قاتلوں کو بھی فی ا لفور گرفتار اور صحافیوں کو تحفظ دیا جائے ۔ علاوہ ازیں پریس کلب شورکوٹ کے زیراہتمام صحافی ذیشان اشرف عرف شان بٹ کے قتل کے خلاف تحصیل چوک میں احتجاج کیا گیا جس کی قیادت چیئرمین پریس کلب شورکوٹ رائے ایاز اکبر‘ صدر پریس کلب شورکوٹ محمد یونس نومی نے کی اس موقع پر نادر اسلم‘ محمد وقاص قمر‘ محمد فاروق سندھو‘ حاجی ناصر جٹ‘ عابد حسین بھٹی‘ ناصر محمود‘ ذیشان حیدر‘ رانا غلام شبیر‘ رانا شاہد‘ رانا آصف مختار‘ چوہدری غلام شبیر طاہر بھی موجود تھے۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پریس کلب شورکوٹ رائے ایاز اکبر‘ عابد حسین بھٹی‘ صدر پریس کلب شورکوٹ محمد یونس نومی نے کہا کہ صحافی حق اور سچ کی آواز کو بلند کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے صحافیوں کو ایسی دہشت گردانہ کارروائیوں سے نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب‘ آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ذیشان اشرف بٹ کے قاتلو ں کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو ملک بھر کے صحافی احتجاج کریں گے۔ صحافیوں نے ذیشان بٹ کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا قبل ازیں مقتول کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ ساہیوال ڈیژنل پریس کلب پریس کلب عارفوالا رجسٹرڈ انجمن صحافیاں ضلع پاکپتن پی یو ایف جے رجسٹرڈ کے زیر اہتمام عارفوالا میں سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت ذیشان بٹ کے قاتلوں کو 10یوم گزرنے کے باوجود گرفتار نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا ڈویژنل پریس کلب کے صدر سید طمطراق محاسن شاہی پی یو ایف جے تحصیل عارفوالا کے صدر چوہدری امتیازقادر پریس کلب عارفوالا کے صدر انعام بٹ سینئر نائب صدر ڈاکٹر فرحان طالب جنرل سیکرٹری رانا شوکت علی نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے حکومت ہمیں قلم کو بطور بندوق استعمال کرنے پر مجبور نہ کرے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے خبر دینے والے خود خبریں بنتے جارہے ہیں۔ حکومت (ن) لیگی چیئر مین یوسی عمران عرف مانی کی گرفتاری میں نااہلی برتنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کرے آخر میں مرحوم کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔