مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس آج نواز شریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں ہو گا
لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت مستقبل کے لائحہ عمل خصوصاً آنے والے عام انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے آج جاتی امرا میں اکٹھی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ دیگر شرکاء میں صدر مسلم لیگ (ن) اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ مریم نواز شریف‘ حمزہ شہباز شریف‘ گورنر سندھ اور گورنر پنجاب کے علاوہ وفاقی وزراء سمیت اہم رہنما شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جلد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی اور نئے قوانین کی منظوری کے بارے بھی بات ہو گی جبکہ نگران وزیراعظم کیلئے بھی مختلف ناموں پر غور ہو گا۔