بیساکھی میلہ: وزارت خارجہ نے 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزا جاری کرنیکا حکم دیدیا
سرگودھا (آن لائن + آئی این پی) بیساکھی میلہ کی تیاریاں شروع، وزارت خارجہ نے تین ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو 10 روز کا ویزا جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سکھ یاتری 12 اپریل کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچیں گے جہاں پر متروکہ املاک کے افسران ان کا استقبال کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ پاکستانی ہائی کمشنر دہلی کو وزارت خارجہ کی جانب سے 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے12 سے 21 اپریل تک سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن میں لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اٹک کے پولیس افسران اور ریلوے پولیس کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جس کیلئے ریلوے پولیس کی نفری کو 10 اپریل کو لاہور طلب کرلیا گیا۔ سکھ یاتری 14 اپریل کو بیساکھی کی مذہبی تقریب میں شرکت کرینگے۔