نوائے وقت کے زیر اہتمام کسان میلہ شروع، وفاقی وزیر جاوید شاہ نے افتتاح کیا
ملتان (رپورٹنگ ٹیم + خبر نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی + سماجی رپورٹر + لیڈی رپورٹر) روزنامہ نوائے وقت کے زیر اہتمام تین روزہ کسان میلہ کے انعقاد کو کسانوں اور کاشتکاروں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے نوائے وقت اور اس کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ نوائے وقت گروپ نے کسان میلہ کا انعقاد کر کے کسانوں کے لئے نئی راہ متعین کی۔ زرعی کانفرنس اور میلہ کا انعقاد کاشتکاروں کے لئے انقلاب برپا کریگا۔ ان خیالات کا اظہار اسلم ڈوگر‘ محمد تیمور اور رضوان نے نوائے وقت موبائل فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زرعی ماہرین نے کسانوں کو کاشتکاری کے جدید طریقوں اور درپیش مسائل کے حل کے لئے مفید مشورے دیئے کسان میلوں اور زرعی کانفرنس کا انعقاد کسانوں کو متحد کرنے اور مل بیٹھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ قبل ازیں روزنامہ نوائے وقت، دی نیشن، وقت نیوز، ایف ٹی آر اور ریڈکان کے زیر اہتمام قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں منعقدہ سہ روزہ کسان میلہ کا افتتاح گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ ن فیتہ کاٹ کر کیا بعد ازاں انہوں نے تمام سٹالز کا معائنہ کیا پاک عرب فرٹیلائزر فاطمہ گروپ آف کمپنی کے سٹال کے معائنہ کے دوران انہوں نے کھادوں پر دی جانے والی سبسڈی بارے دریافت کیا۔ علی اکبر گروپ آف کمپنی کے سٹال کے معائنہ کے دوران انہوں نے ادویات کے نرخوں بارے دریافت کیا۔ وفاقی وزیر نے کمپنی کو کسانوں کے ریلیف کے لئے مزید نئی پروڈکٹس متعارف کروانے بارے ہدایت بھی کی ایگرو مارٹ اﷲ دین گروپ آف کمپنی کے سٹال کو سراہتے ہوئے انہوں ے کہا کہ گروپ کی کسانوں کے لئے خدمات ڈھکی چھپی نہیں۔ زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے سٹال، پاپولر پائپ کے سٹال پر وفاقی وزیر نے معائنہ کیا۔ سٹال پر موجود ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچرل انفارمیشن پنجاب کے سٹال پر موجود نمائندے نے پنجاب میں زراعت کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے وفاقی وزیر کو آگاہی دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ زراعت کے سٹال، فوڈ کمپنی کے سٹال پر اور شمع بناسپتی گھی آئل مل کی طرف سے لگائے گئے سٹال پر وفاقی وزیر نے پراڈکٹس کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے ابھرتی ہوئی مشروب ساز کمپنی نیکسٹ کولاNEXT COLA کے سٹال کا بھی معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث آج پاکستان کو پانی کے بحران کا سامنا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے بانیوں کو روکنا غلط اور پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے حکمرانوں کو آبی مسئلہ کو عالمی سطح پر اٹھانا ہو گا۔ روزنامہ نوائے وقت کے زیر اہتمام کسان میلہ ایک تاریخی اقدام ہے اس سے زراعت کی صنعت میں بہتری پیدا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کسان میلہ میں مختلف سٹالز دیکھنے اور میلہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ لیڈی رپورٹر کے مطابق نوائے وقت میڈیا گروپ نے کسان میلہ کاانعقاد کرکے نہ صرف کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے ایک وسیع پلیٹ فارم مہیا کیا ہے بلکہ صنعتی ترقی کیلئے بھی انقلابی اقدامات ہوسکیں گے۔ ان خیالات کااظہار نوائے وقت میڈیا گروپ کے زیر انتظام منعقدہ کسان میلہ میں مختلف سٹال پر موجود خواتین نے نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سماجی رہنما عابدہ حسین بخاری نے کہا کہ کسان میلہ کاانعقاد نہ صرف قومی ترقی کا زینہ ہے بلکہ آنے والے مندوبین کے ویژن کو تقویت دے گا۔ رابعہ رشید، مہوش شوکت افشاں کنول، ایگری کلچر یونیورسٹی کی طالبات مصباح افضل، مریم فاطمہ اور رمشہ نے کہا کہ ہم نے ملتان کی لوک ثقافت کو نوائے وقت کے زیراہتمام منعقدہ کسان میلہ میں بہت قریب سے دیکھا۔ اقراء زین، صائمہ ام حمید اور ایمن نے کہا کسان میلہ کے ذریعے ملٹی میڈیا نوائے وقت گروپ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دروازے نوجوان نسل کے لئے کھولے اور کسان دوست پروگرام کے انعقاد سے کسانوں کے مسائل کے حل میں معاونت ملے گی۔